نئی دہلی، 14؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے گوا کے وزیر اعلی کے طور پر بی جے پی لیڈر منوہر پاریکر کی حلف برداری پر آج روک لگانے سے انکار کر دیاہے ، لیکن 16؍مارچ کو ایوان میں طاقت کے ٹیسٹ کی ہدایت دی ہے ۔چیف جسٹس جے ایس کھیہر کی صدارت والی بنچ نے ہدایت دی کہ 16؍مارچ کو صبح 11؍بجے اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔ اس نے یہ بھی واضح کیا کہ ارکان کی حلف برداری کے بعد اس دن ایوان کا واحد کام کاج طاقت کا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔بنچ میں جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس آر کے اگروال بھی شامل تھے۔اس نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن سے متعلق کاروائیوں سمیت طاقت کا ٹیسٹ کرانے کے لیے سبھی ضروری عمل کل تک مکمل ہو جانے چاہیے ۔عدالت عظمی نے کانگریس کی درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ اس میں اٹھائے گئے تمام مسائل کا حل طاقت کا ٹیسٹ کرانے کی عام ہدایت سے ہو سکتا ہے۔قابل ذکرہے کہ کانگریس نے پاریکر کو وزیر اعلی کے طور پر مقرر کرنے کے گورنر مردلا سنہا کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔